اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں شعور اور آگاہی کی کمی ہے، بجٹ کے حوالے سے اپوزیشن ہماری اصلاح کرتی تو ہم خوش آمدید کہتے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن کو آلٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کے تحت لائے جانے والے نظام اور لیگل ریفارمز کمیٹی کی جانب سے ایکسیس ٹو جسٹس پروگرام کے لئے شروع کئے گئے مختلف پراجیکٹس پر اعتراض ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے پیش کی جانے والی کٹوتی کی تحریکوں کا لاءڈیپارٹمنٹ سے کیا تعلق ہے؟ اگر یہ تیاری کر کے آتے اور لاءڈویژن کا بجٹ پڑھ لیتے تو انہیں معلوم ہوتا کہ آلٹرنیٹو ڈسپیوٹ ریزولوشن، ادارہ جاتی اصلاحات اور ایکسیس ٹو جسٹس پروگرام کے لئے کتنی رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد صوبوں کے تحت معاملات کو اپوزیشن نے یہاں اٹھایا، اپوزیشن سیاسی پوائنٹ سکورنگ ضرور کرے لیکن ہماری اصلاح کرتی تو ہم خوش آمدید کہتے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن قابل عمل تجاویز پیش کرے، ان کی تجاویز پر غور کرنے کے لئے تیار ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن میں آگاہی اور شعور کی کمی ہے، ڈیمانڈ نمبر 66 پر کٹوتی کی تحریکوں کی مخالفت کرتے ہیں۔