اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کے ساتھ اقتصادی و سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون و تجارتی شراکت داری کو مضبوط بنانے کیلئے جامع لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری روابط کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں وسطی ایشیائی ممالک بالخصوص آذربائیجان کے ساتھ اقتصادی و سرمایہ کاری کے شعبے میں تعلقات کے فروغ کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احسن اقبال، رانا تنویر حسین، عبدالعلیم خان، سردار اویس خان لغاری، ڈاکٹر مصدق ملک، جام کمال خان، معاون خصوصی
طارق فاطمی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیرِ اعظم کو پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تجارت کے حجم، استعداد اور تجارت و سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو اقتصادی تعاون کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے جامع لائحہ عمل تشکیل دے کر پیش کرنے کی ہدایت کی۔ بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے پر بات چیت ہو رہی ہے، آذربائیجان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ جغرافیائی لحاظ سے پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کیلئے سمندر تک اقتصادی راہداری کا قدرتی راستہ فراہم کرتا ہے، آذربائیجان اور پاکستان کے مابین تجارت و سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تجارت کی استعداد اور موجودہ تجارت کو بڑھانے کیلئے جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی کاروبار و سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کی بدولت ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے ۔