جنیوا:(مانیٹرنگ ڈیسک )کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک سے غیر قانونی طورپرنظربندعلیل کشمیری حریت رہنماء فارو ق احمد ڈار کی جلد رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق الطاف حسین وانی نے اقوام متحدہ کے کمشنر برائے انسانی حقوق کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ فاروق احمد ڈار مختلف عارضوں میں مبتلا ہیںاور مسلسل غیر قانونی نظربندی کی وجہ سے انکی حالت ابتر ہے ۔انہوں نے کہاکہ جیل کے ڈاکٹروں کی طرف سے فاروق ڈار کے مکمل طبی معائنے کی ہدایت کے باوجود حیل حکام حریت رہنماء کو علاج معالجے اور مناسب خوراک کی سہولت سے محروم رکھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے خط میں لکھا کہ جیل میں فاروق ڈار کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے اور وہ خون کی الٹیا کر رہے ہیں تاہم جیل حکام انکے علاج معالجے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہے ۔ الطاف وانی نے اقوام متحدہ کے کمشنر سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے فاروق ڈار کی جلد رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔واضح رہے کہ فاروق ڈارکو 2008میں گرفتار کیاگیاتھا اور وہ24جولائی 2017سے نئی دلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں۔ سپریم کورٹ کی طرف سے رہائی کے تین بار کے احکامات باوجود انہیں رہا نہیں کیاجارہا ہے ۔