اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):قانون و انصاف اور انسانی حقوق کے وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے مابین تعلقات اور باہمی دلچسپی کے
امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت انسانی حقوق سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر نے یورپی یونین کے سفیر کو یقین دلایا کہ حکومت اقلیتوں کی بہتری اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے، اس حوالے سے پارلیمنٹ نے قراردادیں بھی منظور کی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومتوں پر بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے موثر کردار ادا کریں۔ ملاقات میں پاکستان کے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے بارے میں امور بھی زیر بحث آئے۔