اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )نیشنل کمیشن آن ویمن سٹیٹس (این سی ڈبلیو ایس)کی چیئرپرسن نیلوفر بختیار نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے خواتین کا صحت مند ہونا ضروری ہے، کامیاب معاشرے کی تشکیل کے لیے صحت مند خاتون کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کی صحت سے متعلق قومی کانفرنس کے پہلے دن کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔نیلوفر بختیار نے کہا کہ صحت مند ماں ہی صحت مند معاشرے اور صحت مند نسل کی تشکیل کر سکتی ہے، خواتین کی صحت کے مسائل کے حل کے لیے مرد کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قدر اموات جنگوں میں نہیں ہوئیں جس قدر اموات زچگی کے دوران ماؤں کی ہوئیں۔ خواتین کی خود مختاری ضروری ہے، خواتین کی زندگیوں کو اہمیت دیئے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو خود مختار بنانے، ان کی ترقی اور صحت کے لیے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔