اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوان کاروباری افراد پر مشتمل یوتھ انٹرپرینیورز ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کاروباری برادری کو معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے تمام تر سہولیات فراہم کرے گی، کاروباری سرگرمیوں کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنا اور کاروبار دوست پالیسیاں تشکیل دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نوجوان انٹرپرینیورز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں ٹیکسٹائل ، تعمیرات، آئل اینڈ گیس، تعلیم، صحت، لاجسٹکس، زراعت، برآمدات اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان کاروباری افراد شامل تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان کاروباری افراد ہماری معیشت اور ہمارے ملک کے مستقبل کے معمار ہیں، حکومت کاروباری برادری کو معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی برآمدات کو عالمی سطح پر فروغ دینا ملکی معیشت
کے لئے ناگزیر ہے، پاکستانی برآمدات کے فروغ کے لئے نوجوان کاروباری افراد انتہائی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، حکومت اور کاروباری برادری کے تعاون سے ملک کا مالی اور تجارتی خسارہ کم کیا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کو باصلاحیت افرادی قوت میں تبدیل کر کے ملکی معیشت کو متحرک کیا جا سکتا ہے، حکومت معاشی مواقع کی فراہمی میں صنفی امتیاز ختم کرنے کے لئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ پاکستانی برآمدات میں اضافہ کے لئے اہم ثابت ہو گا، ہم حکومت کے حجم میں کمی اور حکومتی اداروں کو مزید فعال بنانے کے لئے پر عزم ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنا اور کاروبار دوست پالیسیاں تشکیل دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم نے اقتصادی مشاورتی کمیٹی کی طرز پر نوجوان کاروباری افراد پر مشتمل یوتھ انٹر پرینیورز ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین کاروباری اشتراک کا فروع ہماری اولین ترجیح ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے دوسرے مرحلے میں صنعتی ترقی کی رفتار تیز ہو جائے گی۔ ملاقات میں وفد نے مختلف شعبوں میں پاکستانی کاروباری برادری کی عالمی اور ملکی سطح پر کامیابیوں اور ان کو درپیش مختلف مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔وفد نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی تاریخ ساز کامیابی پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے پاکستانی کاروباری برادری بالخصوص نوجوان کاروباری افراد کو ان کی کاوشوں پر سراہا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر برائے نجکاری عبد العلیم خان، چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، وفاقی وزارتوں کے سیکرٹریز اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔