اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی سے ممتاز سائنسدان اور جمہوریہ کوریا کے سفیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر سنگ چل شن نے منگل کو ملاقات کی۔وزارت خارجہ کی جانب سے ایکس پر پوسٹ کے مطابق بات چیت سائنس اور ٹیکنالوجی میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے پر مرکوز رہی۔ سیکرٹری خارجہ نے سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت میں جمہوریہ کوریا کی ترقی اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سائنسی تعاون کی اہمیت کو نوٹ کیا۔انہوں نے پاکستان اور کوریا کے تعلیمی اور تحقیقی اداروں کے درمیان تعاون اور سائنسدانوں اور محققین کے درمیان روابط کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ پروفیسر ڈاکٹر سنگ چل شن پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے وزارت خارجہ کی دعوت پر 24 جون سے 27 جون 2024 تک پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔