کراچی(نمائندہ خصوصی)وزیرِ بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہاہے کہ سابقہ خاتون اول بشری بی بی کی لیکڈ فون کال پر قوم سے معافی مانگنے کے بجائے پی ٹی آئی فون ٹیپ ہونے کا شور مچا رہی ہے۔بشری بی بی کی لیکڈ فون کال پر درعمل دیتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ یہ ہے چور مچائے شور والی بات جو پی ٹی آئی کا وطیرا ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر بشری بی بی کا فون ریکارڈ نہ ہوتا تو مدینے کی ریاست کے جعلی دعوے دار کس طرح خوار ہوتے۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ شیریں مزاری کہتی ہیں کہ عمران خان کا سیکیور فون ٹیپ کیا گیا ہے، شیریں مزاری بتائیں کہ عمران خان کی اہلیہ سیکیور فون کو مجرمانہ کام کے لیے استعمال کیوں کر رہی ہیں؟۔انہوں نے کہا کہ سابقہ خاتونِ اول کا فون ان کے کسی محبِ وطن ملازم نے ریکاڈ کیا ہے جس کو آفرین ہے۔سید ناصر حسین شاہ نے مطالبہ کیاکہ لیکڈ فون کال کی ایف آئی آر درج کر کے پی ٹی آئی کے جعلی بیانیوں کی چھان بین کی جائے۔