کراچی(نمائندہ خصوصی)کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی نے کہا ہے کہ اس دور میں لوگوں میں کتابیں پڑھنے کا رجحان کم ہوتا جارہا ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔کراچی پریس کلب کی لائبریری کمیٹی کا پہلا اجلاس مورخہ 22 جون بروز ہفتہ کے پی سی لائبریری میں منعقد ہوا جس میں صدر پریس کلب سعید سربازی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اجلاس میں سیکریٹری لائبریری کمیٹی عبد الرزاق ابڑو، رکن گورننگ باڈی نور محمد کلہوڑو، اراکین کمیٹی رضوانہ نقوی، ھارون خالد، جاوید مہر، شمس الواحد اور محمد جمیل شریک ہوئے۔ اجلاس میں مندرجہ ذیل نکات پر اتفاق کیا گیا۔ کراچی سے متعلق کتابیں جمع کرکے ایک کراچی کارنر قائم کیا جائے گا۔ اس کے لیے مختلف اداروں اور افراد کو کتابیں ڈونیٹ کرنے کے لیے خطوط لکھے جائیں گے۔ لوگوں میں کتابیں پڑھنے کا رجحان بڑھانے کے لیے لائبریری میں اراکین پریس کلب اور ان کی فیملیز، خاص طور پر بچوں کے لیے خصوصی دن منعقد کیےجائیں گے۔لائبریری کمیٹی نے صدر پریس کلب کو سفارش کی کہ لائبریری کو ہوادار بنانے اور پرانے اخباروں کو بروقت منتقل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ صدر سعید سربازی اس سلسلے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس دور میں لوگوں میں کتابیں پڑھنے کا رجحان کم ہوتا جارہا ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ اب بھی کتابوں کی اہمیت ختم نہیں ہوئی، جبکہ صحافیوں کو تاریخ، ثقافت اور دیگر اہم موضوعات پر لکھی گئی کتابوں کی ہمیشہ ضرورت رہے گی۔