مکہ مکرمہ ( نمائندہ خصوصی)مناسک حج کا آغاز آج (بدھ ) سے ہوگا۔ کورونا وائرس کے بعد پہلی بار 10 لاکھ عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے، جن میں ساڑھے آٹھ لاکھ غیرملکی شامل ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق دنیا بھر سے سعودی عرب میں عازمین حج کی آمد مکمل ہوچکی ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ دوران حج مسجد الحرام کو دن میں 10 بار دھویا جائے گا اور ہر بار 1 لاکھ 30 ہزار لیٹر جراثیم کش محلول بھی استعمال کیا جائے گا۔سعودی عرب نے 45 سال سے کم عمر کی خواتین کو بھی بغیر محرم حج کی اجازت دے دی ہے۔ عازمینِ حج کے لیے دنیا کا سب سے بڑا کولنگ سسٹم نصب کردیا گیامیڈیارپورٹس کے مطابق حرام میں عازمین حج اور نمازیوں کی سہولت کیلئے دنیا کا سب سے بڑا کولنگ سسٹم نصب کردیا گیا۔
مسجد حرام کی دیکھ بھال کرنے والی ایجنسی کے مطابق اس کولنگ سسٹم کی گنجائش ایک لاکھ 59 ہزار ٹن ہے۔ایجنسی مسجد حرام میں کولنگ سسٹم کو ہرطرح کے جراثیم سے پاک رکھنے کے لیے کوشاں ہے اور ان ایئرکنڈیشنرز سے مسجد حرام میں پھیلنے والی ہوا ہرطرح کے جراثیم سے سو فیصد پاک ہوتی ہے۔کولنگ سسٹم 159 ہزار ریفریجریشن ٹن تک توانائی استعمال کرتا ہے اور اسے دنیا کے سب سے بڑے کولنگ سسٹمز میں شمار کیا جاتا ہے۔علاواہ ازیں، سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اتوار کو مکہ مکرمہ میں وبا کے بعد حج عبادت اور خدمت کے عنوان سے حج سیمینار کا افتتاح کیا ہے۔ دو روزہ سیمینار میں حج اورعازمین کے لیے سعودی عرب کی ثقافتی اور تمدنی خدمات کو اجاگر کیا جائے گا۔ شرکا مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں توسیع، تعمیرِ، تزئین و تحسین کے لیے نافذ کیے جانے والے اہم منصوبوں کا تعارف کرا رہے ہیں۔اس تناظر میں وزیر حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہر سال حج، عمرہ اور زیارت پر آنے والے زائرین کے استقبال کا اعزاز حاصل کرتا ہے۔