راولپنڈی(نمائندہ خصوصی )۔ملک بھر میں بھی عید الاضحٰی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی ، راولپنڈی شہر میں عید کے بڑے اجتماعات مرکزی جامع مسجد حنفیہ، عیدگاہ ، جامعہ اسلامیہ صدر ، جامعہ رضویہ ضیاء العلوم سیٹلائیٹ ٹاؤن ، جامعہ سراجیہ اصغر مال ، جامع مسجد احاطہ فضل الہیٰ صدر ، جامع مسجد چونگی نمبر 22 میں منعقد ہوئے جس میں امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی، ترقی و خوشحالی بالخصوص ملک کی سلامتی اور امن کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں،عید کے خطبات میں علمائے کرام نے حضرت ابراہیم اور حضرت اسمٰعیل کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پر روشنی ڈالی، علمائے کرام نے دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور پاک فوج کے شہداء کے لیے خصوصی دعا بھی کی، اجتماعات میں کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں، نماز عید کی ادائیگی کے بعد فرزندان اسلام نے بکروں، دنبوں، بیلوں اور اونٹوں کی قربانی دے کر سنت ابراہیمی ادا کی اور حضرت ابراہیمؑ کی عظیم قربانی کی یاد تازہ کی دینی مدارس اور فلاحی و دینی تنظیموں اور اداروں کی طرف سے اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا گیا تھا، بعض علاقوں میں اجتماعی قربان گاہیں قائم کی گئی تھیں جبکہ قربانی کے جانور ذبح کرنے اور گوشت کی تیاری کے لئے قصابوں کی چاندی رہی جو منہ مانگی ’’اجرت‘‘ وصول کرتے رہے، آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا، کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک، سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، چیف ٹریفک آفیسر، ڈویژنل ایس پیز سمیت دیگر سینئر پولیس افسران اور اہلکاروں نے نماز عید پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں ادا کی ، نماز کے بعد شہداء پولیس کے درجات کی بلندی، مسلم امہ اور ملک و قوم کی سلامتی کے لئے دعا کی گئیضلعی انتظامیہ کی جانب سے جانب سے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور باقیات کو تلف کرنے کے ساتھ ، ساتھ صفائی ستھرائی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ، عید الاضحٰی کے تین دن آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے آر ڈبلیو ایم سی کے 3832 ورکرز 24 گھنٹے مختلف شفٹوں میں راولپنڈی، مری، ٹیکسلا، کہوٹہ، کلر سیداں اور گوجر خان میں صفائی کے فرائض انجام دے رہے ہیں ، عید صفائی آپریشن میں مجموعی طور پر 485 گاڑیاں راولپنڈی، مری اور دیگر تحصیلوں میں آلائشیں اٹھانے کا کام انجام دے رہی ہیں ، شہر اور تحصیلوں میں شکایات کے اندراج، آگاہی کے لئے 8 کیمپ قائم کئے گئے ، آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا کام عید کے تینوں دن جاری رہے گا، ہیلپ لائن نمبر 1139، کنٹرول روم اور خصوصی موبائل نمبرز شکایات کے اندراج کے لئے 24 گھنٹے دستیاب ہوں گےراولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کا صفائی آپریشن کے تحت آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا سلسلہ جاری رہا ، عید کے پہلے دن مختلف جگہوں سے اب تک 910 ٹن سے زائد آلائشوں کو ٹھکانے لگایا گیا، عید صفائی آپریشن کے لئے 110 ہیوی گاڑیاں اور 700 سے زائد ورکرز فیلڈ میں فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ کنٹرول روم میں موصول ہونے والے شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے، عیدالضحیٰ کے موقع پر راولپنڈی پولیس کی جانب سے مساجد ، کھلے مقامات اور امام بار گاہوں کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے، عید کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان کے تحت تقریباً 3000 پولیس افسران اور اہلکار مصروف سڑکوں، بازاروں، شاپنگ سینٹرز، قبرستانوں، مساجد، عیدگاہوں، امام بارگاہوں اور پکنک پوائنٹس پر فرائض انجام دے رہے ہیںشہر بھر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کے 700 سے زائد افسران ٹریفک ڈیوٹی دے رہے ہیں جبکہ عید کے دنوں میں ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے شہر بھر میں 21 خصوصی پکٹس لگائی گئی ہیں جن پر 200 سے زائد افسران فرائض انجام دے رہے ہیں ، پبلک مقامات اور پارکس پر شہریوں کے تحفظ کے لیے 130 سے زائد افسران جبکہ قبرستانوں پر 260 سے زائد افسران تعینات کیے گئے ہیں، عید الاضحیٰ پر ضلعی پولیس کے ساتھ ایلیٹ فورس، لیڈیز پولیس، ڈولفن فورس اور محافظ اسکواڈ بھی فرائض انجام دے رہا ہے، اس کے علاوہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ضلع بھر کے شہریوں کو طبی سہولت کے علاوہ فوری ریلیف اور ریسکیو خدمات فراہم کرنے کے لیے ہائی الرٹ رہیں۔