اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )پاکستان اور تاجکسان نےباہمی فائدہ مند علاقائی اتحاد اور تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مسلم دنیا کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے عید الاضحیٰ پر مبارکباد کا تبادلہ کیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اتوار کو تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں عید الاضحیٰ کی مناسبت سے مبارکباد پیش کی ۔ وزیراعظم نے عید کے پرمسرت موقع پر صدر رحمان اور تاجکستان کے برادر عوام کو مبارکباد دی اور دونوں ممالک میں امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صدر امام علی رحمان نے بھی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت، توانائی اور باہمی رابطوں کے ذریعے تعلقات کو بڑھانے کی اپنی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے آستانہ میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے آئندہ سربراہی اجلاس پر بھی تبادلہء خیال کیا اور باہمی فائدہ مند علاقائی اتحاد اور تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہء خیال کیا اور مسلم دنیا کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر دونوں رہنماؤں کا ٹیلی فونک رابطہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مضبوط دوستی اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔