کراچی (نمائندہ خصوصی )وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے آئندہ مالی سال 25-2024 کا بجٹ پیش کر دیا، تنخواہوں میں 22 سے 30 فیصد تک اضافہ کی تجویز پیش کی گئی ہے۔سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اویس قادر شاہ کی صدارت میں شروع ہوا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 3056.27 بلین روپے سے زائد تخمینے کا بجٹ پیش کیا۔وزیراعلی سندھ نے کہاکہ حکومت سندھ نےگریڈ 1 تا گریڈ 6 تک کے ملازمین کی تنخواہوں 30 فیصد اضافے کی تجویز دی ہے، ہم نے گریڈ 1 سے 6 تک کے ملازمین کے لٸے پرسنل الاونس 2024 متعارف کروایا ہے،اس ریلیف کے ذریعے انکی ماہانہ تنخواہ کم سے کم 37 ہزار ماہانہ تک پہنچ جاٸے گی جیسا کہ وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے شاندار اقدام سے نان گزیٹیڈ کیٹیگری میں کام کرنے والے اسٹاف کو افراط زر کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے آسانی ہوگی جبکہ گریڈ 7سے 16تک کے ملازمین کی تنخواہ میں 25 فیصد اور گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین کی تنخواہ میں 22 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔ریٹائرڈ ملازمین کی پیشن میں 15 فیصد اضافہ کرنے کی تجویز ہے۔