دی ہیگ۔(نمائندہ خصوصی )نیدرلینڈز میں پاکستانی سفارت خانہ نے ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا جس میں نیدرلینڈز کے سینئر حکام،دیگر ممالک کے سفارتکاروں اوربین الاقوامی اداروں کے نمائندوں کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، ڈچ اور پاکستانی کاروباری اداروں کے نمائندوں، دانشواروں اور صحافیوں نے شرکت کی۔ نیدرلینڈز کی وزارت ِخارجہ کے ایشیا اور اوشیانا ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر وائوٹر جورگنس تقریب کے مہمان ِخصوصی تھے۔ جبکہ عالمی شہرت یافتہ فوٹوگرافر اور بصری کہانی نگار جمی نیلسن نے بھی بطور مہمان شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے بابائے قو م محمد علی جناحؒ اورتحریکِ پاکستان کے ہیروز کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے پاکستان اور نیدرلینڈزکے مابین سیاسی، تجارت اور سرمایہ کاری، زراعت، پانی کے انتظام، موسمیاتی تبدیلی، ٹیکنالوجی، تعلیم، ثقافت اور کھیلوں سمیت متعدد شعبوں میں کامیابی سے بھرپوردو طرفہ تعاون پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایاکہ دونوں ممالک نے گزشتہ سال سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیاجو کہ ایک تاریخی سنگ میل کی عکاسی ہے۔ انہوں نے پاکستان اور نیدرلینڈزکے مابین دوستانہ تعلقات کے فروغ میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا۔ڈائریکٹر وائوٹر جورگنس نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور نیدرلینڈزکے مابین تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات دوستی اور افہام وتفہیم پر قائم ہیں۔ انہوں نے باہمی فائدے کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ جمی نیلسن نے ایک خصوصی پریزنٹیشن دی جس میں انہوں نے پاکستانی ثقافت کی نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالی اور اپنے حالیہ دورہ پاکستان کی یادیں شیئر کیں۔ ان کی پیشکش میں ایک دستاویزی فلم بھی شامل تھی جس میں انہوں نے پاکستان میں سیاحت کے شعبہ میں موجود مواقع کو اجاگر کیا۔اس موقع پر پاکستان کی ثقافت کو نمایاں طور پر پیش کر نے کے لئے موسیقاروں کے ایک گروپ نے پاکستانی علاقائی موسیقی پیش کی اور روایتی دستکاری کی نمائش بھی کی گئی، جس میں شرکاء نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ مہمانوں کی تواضع روایتی پاکستانی کھانوں سے کی گئی۔یہ استقبالیہ نیدرلینڈز میں پاکستان کے قومی دن اور یومِ تکبیر کی مناسبت سے سفارت خانہ کی جانب سے منعقد کی گئیں سرگرمیوں کا حصہ تھا۔