اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):پاکستان نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کی منصفانہ اور پرامن حل کے لئے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔یہ بات دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ 11 جون کو سری نگر کے چوٹہ بازار میں ہونے والے قتل عام کی33 ویں برسی منائی گئی۔ ترجمان نے کہا کہ 11 جون 1991 کو بھارت کی سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکاروں نے شہریوں پر فائرنگ کرکے 32 افراد کو شہید اور 22 کو زخمی کردیا تھا۔انہوں نے کہا کہ شہداءمیں ایک معمر خاتون اور ایک بچہ بھی شامل تھا۔ ترجمان نے کہا کہ ہم اس غمناک موقع پر متاثرین کو یاد اور ان کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں۔