کراچی (اسٹاف رپورٹر ) حلقہ فکرونظر کے زیر اہتمام معروف شاعرہ ثبین سیف کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں کیاگیا جس میں مہمانانِ خصوصی ٹیلی ویژن کے معروف اداکار شہزاد رضا نقوی اور غازی صلاح الدین تھے جبکہ ڈاکٹر ہما میر اور ای کیمونٹی انٹرٹینمنٹ USA کے روح رواں شبیر حسین نے بطور مہمان اعزازی سمیت ایڈمن ڈائریکٹر آرٹس کونسل شکیل خان، علاﺅ الدین مغل، مہناز، فاطمہ قمر اور ممتاز انجم نے تقریب میں خصوصی شرکت کی، ، اس موقع پر مقررین نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ثبین سیف نے معیاری شاعری کرکے دنیا کے لوگوں میں اپنی جگہ بنائی اور خود کو منوایا، ان کی شاعری پڑھنے کا انداز بہت منفرد ہے، ثبین سیف نے پوری دنیا میں مشاعرے پڑھے جبکہ ان کو بے شمار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا، شرکاءمحفل نے اپنے خوبصورت الفاظوں اور پھولوں کے ذریعے ثبین سیف کو خراجِ تحسین پیش کیا، معروف سنگر ہما کنول نے اپنی خوبصورت گائیکی میں ثبین سیف کی غزل پیش کرکے خوب داد وصول کی، حلقہ فکرو نظر کی چیئرپرسن شاہدہ خورشید کنول ، وائس چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ پروین نے ثبین سیف کو خوبصورت شال ،شیلڈ اور پھولوں کے تحائف پیش کیے۔ بعد ازاں مہمانِ خصوصی ڈاکٹر ہما میر، شبیر حسین، شہزاد رضا نقوی کو پھولوں کے تحفے پیش کیے اور اس کے ساتھ ہی یہ خوبصورت مہکتی شام عشائیہ پر ختم ہوئی۔ حلقہ فکرو نظر اس عزم کا ارادہ رکھتا ہے کہ ہم مثبت سوچ کے ذریعے معاشرے میں کیسے بہتری لاسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ادائہ حلقہ فکرونظر اب تک مختلف شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف میں خراجِ تحسین پیش کرچکا ہے جن میں ڈپٹی کمشنر ویسٹ ڈاکٹر سارہ جاوید، معروف سوشل ورکر حماد علی، پہلی آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر ریحانہ شاہ، معروف ادیبہ انور مقصود کی اہلیہ عمرانہ مقصود، ڈائریکٹر پائلر، لیبر یونین لیڈر، سوشل ورکر کرامت علی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس، اسکالر، کرمنالوجسٹ طارق مغل شامل ہیں۔