لاہور( نمائندہ خصوصی )پاکستان میں حماس کے ترجمان ڈاکٹر خالد محمود قدومی نے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا اور گورننگ باڈی کو غزہ کی موجودہ صورت حال سے آگاہ کیا۔ڈاکٹر خالد محمود قدومی کی پریس کلب آمد پر صدر ارشد انصاری ، سینئرنائب صدر شیرازحسنات ، نائب صدر امجد عثمانی، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری جعفربن یار ، ممبر گورننگ باڈی فاطمہ مختار بھٹی اور سید بدرسعید نے ان کا استقبال کیا۔ ڈاکٹر خالد محمود قدومی نے غزہ کی موجودہ صورت حال کو طوفان سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ طوفان الاقصی کے بعد کیا صورت حال ہو گی اس بارے میں قبل از وقت کچھ نہیں کہا جاسکتا، غزہ میں شہید ہونے والوں میں حماس قیادت کے اہل خانہ بھی شامل ہیں، میں یہاں فلسطین کا مقدمہ لڑنے کے لیے موجود ہوں اس لڑائی میں حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کا خاندان شہید ہو چکا ہے اور میرے خاندان کوبھی ایسے ہی حالات کا سامنا ہے۔انھوں نے مزید کہاکہ پہلی بار اسرائیل کے دفاعی نظام سمیت ہر قسم کا خوف دنیا پر سے ختم ہوا ہے اور یورپ بھی غزہ کے لیے سڑکوں پر نکل آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم نے بہت فائدہ پہنچایا اسی طرح پاکستانیوں نے امدادی اشیاءبھی مہیا کی ہیں،اس وقت بھی پانی کے ٹینکرز ، خوراک اور خیمے پہنچانے کی اشد ضرورت ہے۔ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے صحافی کمیونٹی کی جانب سے بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی میڈیا اپنے غزہ کے مظلوم بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ظلم و جبر کو دنیا کے سامنے لانے میں اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داری ادا کر رہا ہے۔