اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی )غلام محمد صفی بلامقابلہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے نئے کنوینر جبکہ ایڈوکیٹ پرویز احمد جنرل سیکریٹری اور مشتاق احمد بٹ انفارمیشن سیکریٹری منتخب ہوگئے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے انتخابات آج اسلام آباد میں ہوئے جس میں تمام اکائیوں نے شرکت کی۔ نتائج کے بعد جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کا یہ الیکشن کئی اعتبارسے منفرد حیثیت کا حامل ہے۔ یہ انتخابات حریت کانفرنس کے تمام گروپوں کے اتحاد کے بعددوسری بارہوئے ہیں۔ بیان میں کہاگیا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس 1993میں معرض وجود میں آئی۔ بیان میں کہاگیا کہ بھارت نے جموں و کشمیر پر 1947سے نا جائز اورجابرانہ قبضہ کررکھا ہے اور وہ علاقے کی حقیقی صورتحال کے حوالے سے عالمی برادرکو گمراہ کرتارہاہے ۔کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کے لئے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے نصب العین کی آبیاری کے لئے ہزاروں شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اورہم آج کے دن تمام شہدائے کشمیرکو سلام عقیدت پیش کر تے ہیں ۔آزادی کی شمع کو روشن رکھنے کے لئے کل جماعتی حریت کانفرنس کی منتخب ٹیم پوری تندہی سے کام کرنے کا عہد کرتی ہے تا کہ کشمیر ی بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرسکیں اور ظلم واستبداد کے جوبادل عرصہ دراز سے جموں و کشمیر پر منڈلاتے آئے ہیں ،وہ چھٹ جائیں۔