اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی حکومت آئندہ مالی سال 25۔2024 کیلئے وفاقی بجٹ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں پیش کرے گی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن )کی قیادت میں اتحادی حکومت کایہ پہلا بجٹ ہے۔ وفاقی حکومت اندرونی اور بیرونی دونوں سطح پر درپیش چیلنجز ک درمیان اپنا پہلا بجٹ پیش کررہی ہے۔وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب بدھ کی شام قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پیش کریں گے۔حکومت ملکی اور بین الاقوامی محاذوں پر معیشت کو درپیش موجودہ چیلنجز اورمشکلات کے تناظر میں بجٹ تشکیل دے رہی ہے جس کے بیشتر نکات کوتقریباً حتمی شکل دی جاچکی ہے۔نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں عوام کی تکالیف کو کم کرنے ، زرعی شعبے میں جوہری تبدیلی لانے ، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کو فروغ دینے اور برآمدات میں اضافہ پرخصوصی توجہ دی گئی ہے ۔نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں مالیاتی انتظام کے علاوہ محصولات کومتحرک کرنے ، معاشی استحکام اور نمو کے لئے اقدامات، غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی، روزگار کے مواقع میں اضافہ اور ملک کی سماجی و اقتصادی خوشحالی کے لئے عوام دوست پالیسیاں شامل ہوں گی۔ذرائع نے بتایا کہ نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ کیلئے تمام ترتیاریاں مقررہ نظام الاوقات کے مطابق زور و شور سے جاری ہیں۔ نئے وفاقی بجٹ کو تمام محکموں اور وزارتوں کے درمیان قریبی رابطہ کاری سے تیار کیا جا رہا ہے، جس میں پارلیمنٹ میں بجٹ کی پیش کش اور اقتصادی سروے کااجراء بھی شامل ہے۔بجٹ سے قبل جاری مالی سال کے قومی اقتصادی سروے (کل )منگل کو جاری کیا جائے گا۔ سروے میں جاری مالی سال کے دوران معیشت کی مجموعی کارکردگی کا احاطہ کیا جائے گا۔