اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن روبینہ خالد نے بچل شاہ، سکھر، اور بابرلو، خیرپور میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ادائیگی کیمپوں کا اہم دورہ کیا ہے۔ ان دوروں کا مقصد ادائیگیوں کی تقسیم کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کرنا ، کفالت اور تعلیمی وظیفہ حاصل کرنے والی مستحق خواتین کے لیے فراہم کردہ انتظامات اور سہولیات کا معائنہ کرنا تھا۔اپنے دورے کے دوران روبینہ خالد نے مستحق خواتین سے بات چیت کی، ان کے مسائل سنے ، ضرورت مند اور بزرگ خواتین کی نقد رقم وصول کرنے میں ذاتی طور پر رہنمائی کی۔ انہوں نےعملے کو کیمپ سائٹس پر پوائنٹ آف سیل ایجنٹس کی تعداد بڑھانے کی ہدایت دی تاکہ مستحقین کے انتظار کے وقت کو کم کیا جاسکےبعدازاں چیئرپرسن روبینہ خالد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہدایت کے مطابق مستحقین میں رقم کی تقسیم کے عمل میں شفافیت کے عزم پر زور دیا۔ روبینہ خالد نے کہاہم نے یہ ادائیگی کیمپ سائٹس قائم کی ہیں تاکہ ادائیگیوں کی تقسیم کے طریقہ کار میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے، ہم ایک بہتر ادائیگی کے طریقہ کار کی طرف بڑھ رہے ہیں اور جلد ہی ہم انسانی شمولیت کو کم کرتے ہوئے براہ راست ادائیگیوں کے لیے ان مستفیدین کے لیے بینک اکاؤنٹس کھولنے کے قابل ہو جائیں گے۔ انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والوں کے لیے سکل ڈویلپمنٹ اور فنی تعلیم کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی تاکہ انہیں غربت پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔انہوں نے اس مقصد کے حصول کے لیے پاکستان اوورسیز فاؤنڈیشن اور نیوٹیک جیسے اداروں کے ساتھ جاری تعاون کا ذکر کیا۔مزید برآں روبینہ خالد نے مستحقین میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے میڈیا کی اہمیت پر زور دیا کہ صرف وہ خواتین جنہیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے آفیشل نمبر 8171 سے پیغام موصول ہوتا ہے وہ اپنا وظیفہ لینے کے لیے کیمپ سائٹس کا دورہ کریں۔ انہوں نے تمام خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ اپنی پوری رقم 10500وصول کریں اور بینک کی رسید بھی طلب کریں۔بینک کے نمائندوں اور بی آئی ایس پی کے عملے کو اپنی ہدایات میں روبینہ خالد نے ادائیگی کے عمل کے دوران شفافیت اور خواتین کے وقار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بدتمیزی یا اس قسم کی شکایت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ یہ ادارہ شہید بے نظیر بھٹو کے نام سے جڑا ہوا ہے۔سکھر اور خیر پور میں ادائیگی مراکز کے دورے میں ڈی جی سندھ شیخ ذوالفقار اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دیگر افسران بھی چئیرپرسن روبینہ خالد کے ہمراہ تھے۔ بعد ازاں روبینہ خالد نے گڑھی خدا بخش میں شہید بینظیر بھٹو، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور نصرت بھٹو کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔