اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )محب وطن صحافیوں کے ہردلعزیز سردار چنگیز خان جدون نے کہا ہے کہ پیٹریاٹک جرنلسٹس الائنس آف پاکستان ہتک عزت قانون کو مسترد کرتا ہے، محب وطن صحافی رات کی تاریکی میں منظورکردہ کسی کالے قانون کو نہیں مانتے، آئینی گورنر پنجاب کے بیرون ملک دورے کے موقع پر قائم مقام گورنر کا ہتک عزت بل پر دستخط کرنا آزادی اظہار رائے پر پابندی کے مترادف ہے۔محب وطن صحافیوں کے ہردلعزیز سردار چنگیز خان جدون نے اتوار کو وفاقی دارالحکومت کے ایک نجی مقام پر جڑواں شہروں کی چیدہ چیدہ نمایاں شخصیات کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ ہتک عزت کا قانون آزادی اظہار رائے کے آئینی حق پر ایک مذموم حملہ ہے، تمام صحافی تنظیموں نے اسے انسان دشمن قانون قرار دیا ہے، محب وطن صحافیوں کی نمائندہ تنظیم سیاہ قانون کے خلاف صحافیوں، سول سوسائٹی اور تمام مکاتب فکر سے مشاورت کرکے تحریک چلائے گی۔ اس موقع پر نمائندہ وفد نے چنگیز خان جدون کو طویل گفت و شنید کے بعد کالے قانون کے خلاف پر امن جمہوری مزاحمت کی قیادت کیلئے آمادہ کرلیا، محب وطن صحافیوں کے ہردلعزیز سردار اس حوالے سے عید الضحیٰ کے بعد باضابطہ اعلان کریں گے۔