اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):صدر مملکت آصف علی زرداری نے لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے واقعے میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ایوانِ صدرکے پریس ونگ کی طرف سے جاری بیان میں صدر مملکت نے واقعہ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔ صدر مملکت نے سکیورٹی فورسز پر خود ساختہ بم کے ذریعے دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی اور کہا کہ پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ قوم اپنے بہادر بیٹوں اور شہدا کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرے گی ۔ صدر مملکت نے شہدا کے جذبہ حب الوطنی اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا اور شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور ان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔