پاکستا ن کے پہلے اور سب سے بڑے اسلامی بینک میزان بینک نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کمپنی کے ساتھ بلوں کی وصولی کے نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت میزان بینک کے اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹرانزیکشن بینکنگ سلوشن ای بز پلس (eBiz+)کے ذریعے صارفین کے بلوں کی وصولی کی ڈیجیٹلائزیشن کی جائے گی۔
معاہدے پر میزان بینک کے بانی صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی اور ایس این جی پی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر علی جے ہمدانی نے دستخط کئے۔ اس موقع پر میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف الاسلام،میزان بینک کے گروپ ہیڈ کارپوریٹ اینڈ انسٹی ٹیوشنل بینکنگ عبداللہ احمداور ایس این جی پی ایل کے چیف فنانشل آفیسر فیصل اقبال سمیت دونوں اداروں کی سینئر مینجمنٹ بھی موجودتھی۔
اس معاہدے کے تحت میزان بینک ایس این جی پی ایل کو ٹرانزیکشن بینکنگ سروسز ای بز پلس (eBiz+) فراہم کرے گا جس سے پنجاب، خیبر پختونخواہ اور آزاد کشمیر کے صارفین ای چینلز اور برانچ بینکنگ کے ذریعے اپنے گیس کے بلوں کی ادائیگی کرسکیں گے۔
اس موقع پر علی جے ہمدانی نے توانائی کے حصول میں ایس این جی پی ایل کے پاکستان بھرمیں لیڈر بننے کا عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ ای بز پلس کلیکشن سروسز صارفین تک رسائی میں سہولت فراہم کرے گی۔
اس موقع پر عرفان صدیقی نے کہاکہ میزان بینک اور ایس این جی پی ایل کے درمیان معاہدہ بینک کے ٹرانزیکشن پورٹ فولیو کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ بلوں کی وصولی کے عمل کو بھی بہتر بنائے گا اوراس سے لاکھوں افراد تک رسائی ہوگی۔ ایس این جی پی ایل پہلے ہی بینک کیلئے ایک قابلِ اعتماد کارپوریٹ کلائنٹ ہے اور اس معاہدہ سے ہمارے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔