اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یومِ بحر(سمندروں کا عالمی دن ) ہفتہ 8 جون کو منایا گیا۔ سمندروں کا عالمی دن ہر سا ل8 جون کو ایک نئے عنوان کے تحت منایا جاتا ہے۔ رواں سال کیلئے اس دن کا موضوع ’’سمندر اور ماحول کیلئے اقدامات میں تیزی ‘‘ منتخب کیا گیا ہے۔جس کا مقصد ایسی بحری اور ماحولیاتی تبدیلیاں لانا ہے جن سے ہم اس زمین کو نہ صرف انسانوں بلکہ زیرآب مخلوق کیلئے بھی محفوظ بنا سکتے ہیں۔عالمی یوم البحر کے موقع پر ملک کے مختلف حصوں میں سرکاری و نجی اداروں اور تنظیموں کے زیر انتظام مختلف تقریبات اور پروگرامز کا انعقاد کیا گیا تاکہ عام آدمی کو سمندروں اور ماحولیات کے شعبوں کے حوالہ سے آگاہی فراہم کی جا سکے۔