کراچی ( نمائندہ خصوصی ):صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹوگرافرز کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا.حلف برداری کی تقریب کراچی پریس کلب میں منعقد ہوئی. تقریب میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر جی ایم جمالی ، صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی ، جنرل سیکرٹری محمد رضوان بھٹی ودیگر بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹوگرافرز کے نئی عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جو فیلڈ میں ہمارے فوٹوگرافرز اور کیمرہ مین کام کرتے ہیں ان کی جان اسٹیک پر ہوتی ہے۔ ان کا کام انتہائی مشکل ہے،شیلنگ ، واٹر کینن اور بلاسٹ کے واقعات میں جان کی پرواہ کئے بغیر اپنے فرائض انجام دیتے ہیں ۔جتنی محنت کیمرہ مین اور فوٹوگرافرز کرتے ہیں کسی شعبے میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ میڈیا ہاؤسز کی جانب سے ملنے والی اجرت اور مرعات ناکافی ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ میڈیا ہاؤسز سے التجا کرتے ہیں کہ ورکرز کو مناسب تنخواہیں اور مراعات دی جائیں ۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے پیپ کی گرانٹس ایک ملین سے بڑھاکر دو ملین کردی ہے۔ ۔سندھ حکومت صحافیوں کے لئے نئی پالیسی بنانے جا رہی ہے۔تمام صحافیوں کولائف انشورنس اور ھیلتھ انشورنس دی جائے گی ۔ جس میں فوٹوگرافرز بھی کور ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صحافیوں کی بہتری کے لیے کام کیا ہے کیونکہ اظہار آزادی کو پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنی ترجیحات میں رکھا ہے۔ صحافیوں کی فلاح کے لئے جتنی بھی اسکیمیں دی ہیں وہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہی دی ہیں ۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری میڈیا کے لئے فکر مند رہتے ہیں اور ان کا ویژن ہے کہ صحافیوں کی فلاح کو ترجیح میں رکھنا ہے ۔ شھید محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی اپنی حکومتوں میں میڈیا کی بہتری کے لیے پالیسیاں دیں ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صحافیوں کےلئے کام کر کے اطمینان ہوتا ہے اور دلی سکون محسوس ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے مشکل وقت میں محکمہ اطلاعات سندھ نے ہر ممکن مدد کی ہے