اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت، انسانیت کے خلاف اس کے مسلسل جرائم اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں کے فوری خاتمے کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ سے ہفتہ کو ترکی کے شہر استنبول میں منعقدہ D-8 وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کو موقع پر ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے غزہ اور رفح میں جاری اسرائیلی بمباری اور مہاجرین کے کیمپوں کو نشانہ بنانے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے اسرائیلی جارحیت، انسانیت کے خلاف اس کے مسلسل جرائم اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں کے فوری خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے فلسطین کے عوام اور ان کے حق خودارادیت کے ساتھ پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے اپریل 2024 میں آنجہانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے پاکستان کے کامیاب دورہ کے دوران طے پانے والی اہم مفاہمتوں کو بھی یاد کیا۔ انہوں نے پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں صدر رئیسی اور مرحوم وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے کردار کو بھی سراہا۔دونوں وزراء نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور سیکورٹی اور انٹیلی جنس کے شعبوں میں اعلیٰ سطح کے تبادلوں سے دوطرفہ تعلقات کی سطح پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی فائدہ مند دوطرفہ تعاون اور بات چیت کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کو پاکستان کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایران کی حمایت اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش پر ایران کی تعریف بھی کی۔