بیجنگ۔(نمائندہ خصوصی )وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں سی پیک کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئےکہا ہے کہ سی پیک کے دوسرے مرحلہ کے تحت پائیدار ترقی، خصوصی اقتصادی زونز ، صنعتوں، آئی ٹی، کانوں اور معدنیات، زراعت اور متبادل توانائی کے شعبوں میں تعاون کو ترجیح دی جائے گی۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لیجی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے چیئرمین ژاؤ لیجی کو چینی سیاست اور معاشرے کے لئے ان کی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اور نیشنل پیپلز کانگریس کے سالانہ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر انہیں مبارکباد دی۔وزیر اعظم نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) اور نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) میں ایک اہم عہدہ ژاؤ لیجی پر چینی قیادت اور عوام کی طرف سے ان پر کئے گئے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ مضبوط تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان منفرد اور خصوصی تعلقات سٹریٹجک اعتماد، مشترکہ نظریات اور عملی تعاون پر مبنی ہیں۔ پاکستان کی اقتصادی ترقی میں چین۔ پاکستان اقتصادی راہداری کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلہ کے تحت پائیدار ترقی، خصوصی اقتصادی زونز، صنعتوں، آئی ٹی ، کانوں اور معدنیات، زراعت اور متبادل توانائی کے شعبوں میں تعاون کو ترجیح دی جائے گی۔چیئرمین ژاؤ لیجی نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی رہنمائی کے تحت چین پاکستان کے ساتھ پائیدار شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں میں مثبت رفتار کا ذکر کیا اور دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی کو مزید مضبوط و مستحکم کرنے کے لئے اس رفتار کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے نیشنل پیپلز کانگریس اور پاکستان کی پارلیمنٹ کے درمیان روابط اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔وزیر اعظم نے پارلیمانی تبادلوں کو مضبوط بنانے کے لئے متعدد اقدامات تجویز کئے جن میں چین پاکستان فرینڈشپ گروپس کے درمیان رابطوں کو بڑھانا اور نوجوان پارلیمنٹیرینز کے وفود کا تبادلہ شامل ہے۔ انہوں نے سی پیک کے تحت سیاسی جماعتوں کے مشترکہ مشاورتی طریقہ کار کے اگلے دور کا انعقاد کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔چیئرمین ژاؤ لیجی نے وزیر اعظم کو 26۔2025 کی مدت کے لئے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ اس سے دونوں ممالک کو امن و آشتی پر مل کر کام کرنے اور اس حوالے سے قانون اور کثیرالجہتی کو فروغ دینے کا موقع ملے گا ۔