اسلام آباد (بیورو رپورٹ) ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ گھرانوں کی مدد کا سلسلہ جاری ہے ،ریکوری پروگرام کی تکمیل کے لیے سندھ اور بلوچستان کے چھ اضلاع میں لوڈر رکشہ کی تقسیم 7 جون (آج)سے شروع ہو گی ،سندھ کے پانچ اور بلوچستان کے ایک ضلع میں تقسیم تقریب منعقد کی جائے گی ،ہر ضلع میں 35 مستفید کنندگان میں لوڈر رکشے تقسیم کیے جائینگے ۔ پہلی تقریب تقسیم دادو میں سات جون کو منعقد ہو گی جبکہ دوسری تقریب لاڑکانہ/قمبر شہداد کوٹ ،تیسری تقریب خیرپور شکار پور اور آخری تقسیم تقریب بلوچستان کے ضلع جعفر آباد میں 9 جون کو منعقد ہو گی۔پروگرام ہیڈ سیف جمالی کے مطابق سیکرٹری جنرل ہلال احمر پاکستان عبید اللہ خان مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے ۔واضح رہے کہ اس سے قبل ہلال احمر پاکستان کی جانب سے گھریلو کفالت کے لیے بھینسیں بھی سیلاب متاثرہ علاقوں میں تقسیم کی جا چکی ہیں۔