واشنگٹن۔(نمائندہ خصوصی )امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ کرکٹ کے کھیل نے بالآخر امریکہ میں اپنی جگہ بنالی ہے جو دوسرے براعظموں میں پہلے سے مقبول کھیل کی عالمی پہچان کی طرف ایک اہم قدم ہے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں پاکستان کا مقابلہ امریکہ سے ہوگا۔ پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ورلڈ کپ یکم سے 29 جون تک امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں کھیلا جا رہا ہے، امریکہ ٹورنامنٹ کے 55 میں سے 16 میچوں کی میزبانی کرے گا جبکہ باقی میچز ویسٹ انڈیز میں کھیلے جائیں گے، آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے امریکا میں تین اور کیریبین میں چھ مقامات استعمال کئے جائیں گے۔پاکستان کے سفیر مسعود خان پاکستان اور امریکہ کے درمیان تاریخی میچ کو دیکھنے کے لئے ڈیلاس پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم، امریکی محکمہ خارجہ کے حکام، ہیوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ اور دیگر مہمان بھی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا جشن منانے کے اس اہم موقع پر شرکت کریں گے۔ متنوع ثقافتوں کو متحد کرنے اور سفارتی تعلقات کو بڑھانے میں کھیلوں کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے سفیر مسعود خان نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں اس بات پر زور دیا کہ کھیل ثقافتوں، قوموں اور افراد کو قریب لانے کے لئے ایک پل کا کام کرتے ہیں اور کھیل تاریخی طور پر سفارت کاری میں ایک اہم ہتھیار رہا ہے۔انہوں نے دونوں ٹیموں کو کرکٹ کے دلچسپ کھیل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ سفیر مسعود خان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)، میزبان ممالک امریکہ اور ویسٹ انڈیز، تمام شریک ٹیموں اور کرکٹ کی دنیا کرکٹ کے اس یادگار ایونٹ پر شائقین کو دلی مبارکباد پیش کی۔ سفیر مسعود خان نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ ٹورنامنٹ غیر معمولی ایتھلیٹ ازم کا مظاہرہ کرے گا اور دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین کے لئے ایک دلچسپ تجربہ فراہم کرے گا۔ اب جبکہ امریکا ٹی ٹونٹی میں شامل ہورہا ہے پاکستان نے 2009 کے ورلڈ کپ میں فتح حاصل کی اور 2022 کے ورلڈ کپ میں فائنل انگلینڈ سے ہارا تھا۔