اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):پاکستان اور جاپان نے انسانی وسائل کی ترقی سکالرشپ پروگرام کے ضمن میں 2.1 ملین ڈالر کے گرانٹ معاہدے پر دستخط کردئیے۔وزارت اقتصادی امورکے اعلامیہ کے مطابق جمعرات کونوٹس کے تبادلے اور دستخط کی رسمی تقریب منعقدہوئی ۔ وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز اورپاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو نے نوٹس کے تبادلہ جبکہ جوائنٹ سیکرٹری سعید اشرف صدیقی اوربین الاقوامی ترقی کیلئے جاپان کے ادارہ جائیکا کے پاکستان کے چیف نمائندے نوآکی میاتا نے گرانٹ معاہدے پر دستخط کئے۔اجلاس میں وزارت کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔اعلامیہ کے
مطابق جاپان نے جائیکاکے ذریعے پاکستان کی گرانٹ کو وسعت دی ہے جو 2018 میں اپنے آغاز سے لے کر اب تک جے ڈی ایس پروجیکٹ کی ساتویں قسط ہے۔ جاپان کی حکومت رواں سال ماسٹرز پروگراموں کے لئے 17اور پی ایچ ڈی کے لئے ایک سکالرشپ فراہم کرے گی ۔یہ وظائف فیڈرل سول سروس کے نوجوان اور سابق کیڈر افسران کے لئے جاپان کی ممتاز یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کررہے ہیں۔ 2018 سے سے لے کر اب تک چھ بیچز، جن میں سے ہر ایک میں تقریباً 18 شرکاء شامل ہیں، نے جے ڈی ایس اسکالرشپ سے فائدہ اٹھایا ہے۔اس اقدام سے نوجوان افسران کی صلاحیتوں اور کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔وزارت اقتصادی امور کے وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے جاپان کی حکومت اور عوام کا غیر متزلزل حمایت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان بامعنی تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے تمام ضروری سہولتوں کو یقینی بنانے کے عزم کااعادہ کیا۔ پاکستان میں جاپان کے سفیر نے دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لئے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا یقین دلایا۔