اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):صدر مملکت آصف علی زرداری سے گورنر گلگت۔بلتستان سید مہدی شاہ نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی اورگلگت بلتستان کی مجموعی صورتحال ، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا۔ ایوانِ صدر پریس ونگ کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے گلگت بلتستان کے عوام کی
سماجی و معاشی ترقی پر سرمایہ کاری کی ضرورت پر زوردیا اور کہا کہ گلگت بلتستان میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ گلگت بلتستان کو اس کی بھرپور صلاحیت کے مطابق ترقی دینے کیلئے خصوصی اقدامات درکار ہیں۔ گورنر گلگت بلتستان نے صدر مملکت سے ملاقات میں علاقے میں میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کی درخواست کی جس پر صدر مملکت نے گورنر گلگت بلتستان کو متعلقہ فورمز کے ذریعے علاقے کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔