اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فضائی مسافروں کو خبر دار کیا ہے کہ نجی ایئر لائن آئی پی ایس ایئر ویزنے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے سے متعلق اتھارٹی سے کوئی اجازت نہیں لی ہے۔پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے جمعرات کو یہاں جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہمارے نوٹس میں یہ بات آئی ہے کہ بعض افراد خود کو آئی پی ایس ایئر ویزکا نمائندہ ظاہرکرتے ہوئے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے کا دعوی کر رہے ہیں اور اس سلسلہ میں ایک مارکیٹنگ ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں آن لائن بکنگ شروع کر رکھی ہے ۔ترجمان نے کہا کہ مطلع کیا جاتا ہے کہ کوئی بھی ایئر لائن جو پاکستان کے لیے یا برطانیہ سے پروازیں چلانے کا ارادہ رکھتی ہے اسے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) سے منظوری حاصل کرنا ہوگی۔ ترجمان نے کہا کہ ابھی تک آئی پی ایس ایئر لائن برطانیہ نے پاکستان سول ایوی ایشن حکام سے ایسی اجازت کے لیے درخواست نہیں دی ہے اور نہ ہی اسے حاصل کیا ہے۔ترجمان نے فضائی مسافروں کو مشورہ دیا کہ اس سلسلے میں احتیاط برتیں، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی مسافروں کی توجہ پر شکرگزار ہے۔