اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )پاکستان کو 2026 ۔2025 کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب کرلیا گیا ہے، پاکستان کو آج نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے انتخابات میں زبردست حمایت حاصل ہوئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے ہم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے تمام اراکین کے پاکستان پر اعتماد کرنے اور اسے سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب کرنے پر شکر گزار ہیں، کونسل کے لیے پاکستان کے بطور امیدوار توثیق کرنے پر ہم ایشیا پیسیفک گروپ کے اراکین کے بھی مشکور ہیں۔بیان کے مطابق غیرمستقل رکن کے طور پر آٹھویں مرتبہ منتخب ہونے کے بعد پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے لیے ایک بھرپور تجربہ اور بین الاقوامی امن و سلامتی کی بحالی کے لیے شراکت کی مضبوط میراث لے کر آیا ہے جس کا اظہار اقوام متحدہ کے مقاصد اور اصولوںسمیت چارٹر کے ساتھ دنیا کے کئی خطوں میں اقوام متحدہ کی امن قائم کرنے اور قیام امن کی کوششوں پر سختی سے عمل پیرا ہونے سے ہوتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اپنی آنے والی مدت میں تصفیہ طلب اور جاری تنازعات کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے پرعزم رہے گا اور وہ یکطرفہ اور غیر قانونی طاقت کے استعمال یا طاقت کے استعمال کی دھمکی کے حربے، ہر قسم کی دہشت گردی کے مقابلہ، اقوام متحدہ کی مو¿ثر قیام امن کی حمایت، امن کے نفاذ اور قیام امن کی کوششوں کی حمایت سمیت علاقائی اور عالمی بحرانوں کے حل کے لیے موثر کردار ادا کرے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے دیگر ارکان اور اقوام متحدہ کے چارٹر کو برقرار رکھنے اور جنگ کی روک تھام اور امن کو فروغ دینے کے وژن پر عمل کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی وسیع تر رکنیت کے ساتھ عالمی خوشحالی کو فروغ دینے اور انسانی حقوق کے عالمی احترام کو فروغ دینے کے لئے مل کر کام کرنے کا منتظر ہے۔