بیجنگ۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاک۔چین سدا بہار سٹرٹیجک کوآپریٹو شراکت داری کیلئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ تعلقات باہمی فائدہ مند تعاون پر مبنی ہیں، سی پیک کا آئندہ مرحلہ پاک۔چین سٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا، چینی سرمایہ کار اور تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کریں۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف چین میں پاکستانی سفارتخانے، چائنیز پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈشپ ود فارن کنٹریز اور چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر کے اشتراک سے منعقدہ پاک ۔چین دوستی اور کاروباری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں پاکستانی وفد کے دیگر ارکان اور ممتاز چینی معززین، حکام، ماہرین تعلیم، تھنک ٹینک کے ماہرین اور کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے اپنے کلیدی خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاک چین سدا بہار سٹریٹجک کوآپریٹو شراکت داری کے لئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا جو باہمی احترام،
سٹریٹجک اعتماد اور باہمی فائدہ مند تعاون پر مبنی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور تہذیبی تعلقات پر زور دیتے ہوئے انہوں نے پاک چین دوستی کے خصوصی اور منفرد کردار کو اجاگر کیا جو ہر مشکل گھڑی میں کسوٹی پر پوری اتری۔ وزیراعظم نے بین الاقوامی امن، سلامتی اور ترقی کے لئے کثیرالجہتی اور بین الاقوامی قانون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مشترکہ افہام و تفہیم اور مشترکہ خوشحالی کے سفر کے ذریعے خاص طور پر ترقی پذیر دنیا کے ممالک کے ساتھ تعاون اور بات چیت کے چین کے نقطہ نظر کو سراہا۔وزیراعظم نے بنی نوع انسان کے مشترکہ مستقبل کی تعمیر کے صدر شی جن پنگ کے وژن اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو، گلوبل سکیورٹی انیشیٹو، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو اور عالمی تہذیبی اقدام سمیت اس سے متعلقہ اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے عصری دنیا کو درپیش امن، سلامتی اور ترقی کے چیلنجوں کا عملی حل فراہم کرنے کے لئے ان اقدامات کی تکمیل کی۔سی پیک کو پاکستان کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کے اہم حصہ کے طور پر اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک نے باہمی طور پر فائدہ مند دو طرفہ تعاون کی کامیابی اور پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کی۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ سی پیک کا اگلا مرحلہ پاک چین سٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید گہرا کرنے کا کام کرے گا۔وزیراعظم نے چینی سرمایہ کاروں اور تاجروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کریں خاص طور پر خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سلوشن پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کان کنی، آئی سی ٹی اور زراعت کے ترجیحی شعبوں میں عملی اور باہمی طور پر فائدہ مند تعاون پر زور دیا۔