اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے ماحولیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت آئندہ برسوں میں ماحولیاتی تحفظ کی ایک روشن مثال قائم کرے گی، جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کوششیں جاری ہیں، عوام ماحولیاتی خطرات کو کم کرنے کے لئے کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ ماحولیاتی تبدیلی، پانی اور خوراک کی حفاظت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت اور عوامی تعاون کے ساتھ ساتھ میڈیا میں آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں اور میڈیا کا کردار حکومتی یا نجی اداروں سے کم اہم نہیں ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں کا کلیدی حل عوامی شرکت ہے۔ رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ ماحولیاتی انحطاط کو روکنے کے لئے کام کررہے ہیں تاکہ مستقبل میں ماحول کو بہتر بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا ہماری ترجیح فضائی آلودگی پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ مؤثر طریقے سے طبی اور مضر فضلہ کا انتظام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ دنیا بھر کے پہاڑی علاقوں میں گلیشیئرز، ایکو سسٹم، لوگوں کی زندگی اور معاش کو بری طرح متاثر کر رہی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت ماحولیاتی استحکام اور آب و ہوا کو بہتر بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق ان کی ٹیم ماحولیاتی انحطاط کو روکنے اور ماحولیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات سے نبرد آزما ہونے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کے ہر ملک کو عالمی سطح پر آب و ہوا کے تحفظ کے لیے مفادات سے بالاتر ہو کر سوچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اقتصادی فورم میں وزیر اعظم نے پاکستان کی ماحولیاتی سفارتکاری کی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ رومینہ خورشید عالم نے آنے والی نسلوں کے لیے ایک صحت مند، محفوظ اور ریزیلیئنس کو یقینی بنانے کے لیے ماحولیات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام صوبوں، اداروں اور قوم کی اجتماعی کوششوں سے ہی ماحول کا تحفظ ممکن ہے۔