اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):قائد اعظم یونیورسٹی نے جامعات کی عالمی کیو ایس رینکنگ 2025 میں ایک بار پھر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔کیو ایس عالمی درجہ بندی کے مطابق قائد اعظم یونیورسٹی ملک بھر کی جامعات میں سر فہرست جبکہ عالمی درجہ بندی میں 315ویں پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئی ہے علاوہ ازیں Citation per faculty میں یونیورسٹی نے 58 پوزیشن حاصل کی۔قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے اس شاندار کامیابی پر اساتذہ، سٹاف، طلبا اور یونیورسٹی ایلومینائی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ قابلِ ذکر کامیابی ہماری مشترکہ محنت، لگن، اور عزمِ صمیم کا ثبوت ہے اور بلاشبہ یونیورسٹی کے لئے ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد اس کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے تاکہ قائد اعظم یونیورسٹی کو دنیا کی صف اول کی 100 جامعات میں شامل کیا جاسکے۔
اس سے قبل کیو ایس سبجیکٹ رینکنگ 2024 میں بھی یونیورسٹی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پوزیشن کو مستحکم کیا، اس عالمی درجہ بندی میں یونیورسٹی کے 12 شعبہ جات کو دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کی رینکنگ میں شامل کیا گیا،ان ڈسپلنز میں ریاضی، شماریات، فزکس، کیمسٹری، میٹریل سائنس اور بائیولوجیکل سائنسز کے شعبوں (مائیکروبائیولوجی، بائیو کیمسٹری ، پلانٹ سائنسز، بائیو ٹیکنالوجی ،بائیو انفارمیٹکس، زولوجی) نے عالمی رینکنگ میں 201 سے 351 کے درمیان جگہ بنائی جبکہ اپنے اپنے مضامین میں پاکستان میں پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ اسی طرح فارمیسی اینڈ فارماکولوجی ڈیپارٹمنٹ نے عالمی سطح پر 201ویں اور پاکستان میں دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں، انوائرمنٹل سائنسز کے شعبہ ہائے جات عالمی درجہ بندی میں251 سے 450 کے درمیان جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے جبکہ کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن سسٹم، اکنامکس اینڈ اکانومیٹرکس، اور بزنس اینڈ مینجمنٹ اسٹڈیز کے شعبوں نے بھی 351-451 کے درمیان نمایاں جگہ حاصل کی ۔