اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پوپ فرانسس سے ملاقات کی جس میں بین المذاہب ہم آہنگی ، امن اور بھائی چارے کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر داخلہ نے وزیراعظم کی جانب سے پاکستان کے دورہ کی دعوت دی جس پر پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہوگی کہ پاکستان کا جلد دورہ کروں۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی دورہ یورپ کے دوران اٹلی پہنچے جہاں پر انہوں نے ویٹیکن سٹی میں پوپ فرانسس سے ملاقات کی ۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا ویٹیکن سٹی آمد پر پرتپاک خیرمقدم کیا گیا ۔پوپ فرانسس نے سانحہ جڑانوالہ کے بعدگرجا گھروں کی فوری تعمیر و مرمت کے کام کو سراہا ۔ پوپ فرانسس نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کے لئے میرا پیغام امن کا ہے، ہم سب کو مل کر امن کے لئے کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے پاکستان کے دورہ کی دعوت دی گئی ہے، پوری کوشش ہوگی کہ پاکستان کا جلد دورہ کروں۔فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پوپ فرانسس نے کہا کہ فلسطین کی صورتحال باعث تشویش ہے اور میں روزانہ رات 7 بجے فلسطین میں فلاحی کاموں میں مصروف ورکرز سے بات کرکے اپ ڈیٹ لیتا ہوں۔انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب ڈائیلاگ اور ہم آہنگی ہی مسائل کا حل ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فلسطین ایشو پر مؤثر موقف اپنانے پر پوپ فرانسس کا شکریہ ادا کیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پوپ فرانسس کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے پوپ فرانسس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے آپ کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے آپ نے جرات مندانہ موقف اختیار کیا جسے ہر ایک نے سراہاہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ پاکستان میں اقلیتوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، ہمارا دین، ہمارے نبی کریمﷺ. ہمارے قائد اعظم محمد علی جناح اور ہمارا آئین بھی اقلیتوں کے تحفظ اور ان کا خیال رکھنے پر زور دیتے ہیں، پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو ائین پاکستان کے تحت یکساں حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم اور افواج کی قربانیوں کی نظیر نہیں ملتی۔ ملاقات کی اختتام پر پوپ فرانسس نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی اور پاکستانی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔