میرپور خاص ۔(نمائندہ خصوصی ):صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ آم کی وجہ سے میرپورخاص دنیا بھر میں مشہور ہے صوبائی وزیر ثقافت نے کہا کہ میرپورخاص ایک زرعی خطہ ہے جس میں مختلف اقسام کی زرعی اجناس پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے اس لیے زراعت میں جدید تحقیق بالخصوص آم کی پیداوار میں جدت لانے کی ضرورت ہے۔ زراعت کے شعبے سے متعلق مسائل کے حل اور کاشتکاروں کی بہتری اور خوشحالی کے لیے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ زراعت کا تعلق ثقافت سے بھی ہے، اس لیے سندھ کی ثقافت کو دنیا میں فروغ دینے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ایک منصوبہ بنایا جا رہا ہے، جس سے سندھ کی ثقافت کو محفوظ بنایا جا سکے گا اور بہت جلد تھرپارکر میں لاہوتی فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا۔اختتامی تقریب سے ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی، چیئرمین مینگو فیسٹیول مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین عارف خان بھرگڑی، حاجی محمد عمر بگھیو، میئر عبدالرؤف غوری، ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن ریٹائرڈ اسد علی چوہدری، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان، ذوالفقار کاچھیلو ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ایگریکلچر نور محمد بلوچ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اے کیٹیگری ڈائمنڈمیں پہلی پوزیشن نواز آباد فارم کے چوہدری سلیم ،دوسری پوزیشن میر منصور علی ٹالپر، تیسری پوزیشن حاجی محمد علی درس، بی کیٹیگری (پلاٹینم) پہلی پوزیشن رئیس ارشاد علی بھرگڑی، دوسری پوزیشن اللہ بچایو راجڑ، تیسری پوزیشن طحہٰ مقبول میمن، سی کیٹیگری (سلور) پہلی پوزیشن قربان علی لاشاری، دوسری پوزیشن الٰہی بخش اور تیسری پوزیشن عرفان بھرگڑی نے حاصل کی۔ آم کی نمائش میں مینگو فیسٹیول مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین عارف خان بھرگڑی نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 50 ہزار، دوسری پوزیشن کو 30 ہزار اور تیسرے نمبر پر آنے والے کو 20 ہزار کا نقد انعام دیا ۔