اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک سیٹ ایم ایم ون سیٹلائٹ سے اے جے کے اور جی بی کو انٹرنیٹ سروس کی سہولت فراہم ہو گی۔آزاد جموں کشمیر کے ترقیاتی کاموں کے لئے حکومت خاص اقدامات کر رہی ہے ۔ آزاد کشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں آئندہ آنے والے بجٹ اور آزاد جموں و کشمیر میں ترقیاتی کاموں کے
حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاک سیٹ ایم ایم ون سیٹلائٹ سے اے جے کے اور جی بی کو انٹرنیٹ سروس کی سہولت فراہم ہو گی، ایم ایم ون سیٹلائٹ سپارکو کی ایک بڑی کامیابی ہے ، ہم اس سروس سے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو احساس ہے کہ جی بی اور اے جے کے حساس علاقے ہیں ، آزاد کشمیر کے ساتھ مقبوضہ کشمیر ہے ہمیں آزاد کشمیر کو بطور ماڈل دنیا کو دکھانا ہے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ اے جے کے میں بھی نوجوانوں کا انٹرن شپ پروگرام ینگ ڈویلپمنٹ فیلو شروع کریں ، نوجوان اس خطے کا روشن مستقبل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہمیں سیاحت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ، سیاحتی مقام کو باقاعدہ پلاننگ کے ساتھ انفراسٹرکچر کریں ، آزاد جموں و کشمیر کے ترقیاتی کاموں کے لئے حکومت خاص اقدامات کر رہی ہے ۔