لندن۔(نمائندہ خصوصی )
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لندن میں پاسپورٹ اور نادرا سنٹرز کا دورہ کیا، انہوں نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں ارجنٹ پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنے کا حکم دیا ۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں کو نارمل پاسپورٹ 30 روز میں جاری ہو گا،اس پالیسی کا اطلاق دنیا بھر میں موجود تمام پاکستانی مشنز پر ہوگا، فی الوقت اوورسیز پاکستانیوں کو نارمل پاسپورٹ 4 ماہ جبکہ ارجنٹ پاسپورٹ ڈیڑھ ماہ میں مل رہا تھا۔محسن نقوی نے کہا کہ پاسپورٹ میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں، مقرر کردہ مدت کے اندر پاسپورٹ جاری
نہ ہوا تو متعلقہ افسران کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔وزیر داخلہ نے پاسپورٹ کی مقررہ مدت میں فراہمی یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا جسے ان کی پی ایس او اے ایس پی شہر بانو ہیڈ کریں گی،اوورسیز پاکستانی مقرر مدت میں پاسپورٹ نہ ملنے پر ای میل [email protected] پر رسید منسلک کرکے شکایت درج کرا سکیں گے۔ دورے کے موقع پر سنٹرز میں موجود اوورسیز پاکستانیوں نے نادرا کی کارکردگی کو سراہا اور کسی نے بھی نادرا کے حوالے سے شکایت نہیں کی،وزیرداخلہ نے اچھی پرفارمنس پر نادرا سٹاف کو شاباش دی ،انہوں نے پاسپورٹ اور نادرا کے عملے کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے عملے کی کمی پوری کرنے کےلئے موثر سٹاف مینجمنٹ کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے پاسپورٹ اور نادرا سنٹرز کے عملے سے ملاقات کی اور اوورسیز پاکستانیوں کو پاسپورٹ متعین مدت میں جاری کرنے کی ہدایت کی، وہ سنٹرز میں موجود اوورسیز پاکستانیوں سے بھی ملے اور ان کے مسائل دریافت کئے۔برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔