میرپورخاص۔(نمائندہ خصوصی )آموں کی 56 ویں نمائش کے دوسرے روز سندھ ہارٹیکلچر ریسرچ انسٹیٹیوٹ میرپورخاص میں زرعی سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔سیمینار میں سیکریٹری زراعت رفیق احمد برڑو ،ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی ، ایف اے او کے پراونشل ہیڈ مسٹر جیمس ، فرانس کی اینی کلیور ، چئیرمین مینگو فیسٹیول مینجمنٹ کمیٹی رئیس عارف خان بھرگڑی ،ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ریسرچ نور محمد بلوچ ، منصور چیمہ ، سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈو جام کے ماہرین ، آبادگاروں نے شرکت کی۔زرعی تکنیکی سیمینار میں زرعی ماہرین نے آم کی پیداواری تحقیق، پیداوار بڑھانے ، آموں کی عالمی مارکیٹ تک ایکسپورٹ بڑھانے کے متعلق اپنے تحقیقی مقالے پیش کئے۔سیمینار میں زرعی ماہرین پر مشتمل آموں کی ایکسپورٹ ، آموں کے معیار کو بہتر بنانے کے متعلق تفصیلی مباحثہ کیا گیا۔زرعی ماہرین نے بتایا کہ دنیا میں آموں کی بیماریوں کے 83 اقسام ہوتے ہیں جبکہ پاکستان میں آموں کی بیماریوں کے 27 اقسام اور سندھ میں 21 بیماریوں کے اقسام ہیں جن سے نئی زرعی تکنیکیں اپنا کر آموں کی پیداوار بڑھا کر ایکسپورٹ کر سکتے ہیں۔