لاہورگورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ہفتہ کے روز لاہور میں مزار اقبال پر حاضری دی،پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر تاریخی بادشاہی مسجد کے امام مولانا عبدالخبیر آزاد نے پاکستان کی یکجہتی و ترقی اور اتحاد امت کے لیے دعا مانگی۔مہمانوں کی کتاب میں اپنے پر تاثرات درج کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے علامہ اقبال کی قوم کے لیے سیاسی اور ادبی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وہ وفاق اور خیبرپختونخوا کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات میں صوبائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور ہم شکر گزار ہیں
کہ اس کے بعد لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ کم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے صوبائی مسائل پر وفاقی حکومت سے بات کرتے رہیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا حکومت کو صوبے کی ترقی کے لیے آگے آنے اور مل کر کام کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو ترقی یافتہ صوبہ بنائیں گے، سب کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہونگی۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس خیبرپختونخوا کسی سازش کا حصہ نہیں بنے گا۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جلد خیبرپختونخوا کا دورہ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 9مئی جیسا المناک واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔فیصل کریم کنڈی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے غریب طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔بعد ازاں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے لاہور میں بادشاہی مسجد کا بھی دورہ بھی کیا۔