اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):پاکستان نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں اختلاف رائے کو کچلنے کے لیے بھارتی حکام کی مہم بدستور جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جائیدادوں کی ضبطی اس مہم کا بدصورت پہلو ہے۔ترجمان نے کہا کہ رواں ہفتے کے شروع میں ضلع شوپیاں میں دو اور کشمیری نوجوانوں کی زمینوں اور ایک دکان سمیت جائیدادوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام اب تک کشمیری کارکنوں کو سزا دینے کے لیے علاقے میں سینکڑوں املاک ضبط کر چکے ہیں جبکہ سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کا ہیڈ کوارٹر بھی سیل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت سیاسی کارکنوں کو دبانے اور کشمیری عوام کو ڈرانے دھمکانے کی جاری مہم بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو آزادانہ طور پر حق خودارادیت کا موقع فراہم کیا جانا چاہئے جس کا حق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں درج ہے۔