لاہور(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے جمعہ کو پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ اینڈ ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحیی کی قیادت میں 22رکنی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید اورچیف سیکرٹری زاہد زمان اختربھی موجود تھے۔ ملاقات میں تعلیم،صحت،زراعت اوردیگر شعبوں میں اشتراک کار مزید بڑھانے پر اتفاق اوراقوام متحدہ کے اداروں کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا،وفد میں اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں کے مقامی سربراہ بھی شامل تھے،وزیر اعلی نے ایجوکیشن ،ہیلتھ سیکٹر ریفارمزاورحکومتی پالیسی سے متعلق آگاہ کیا۔مریم نواز نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی زراعت میں پاکستان کی اکانومی کو تبدیل کرنے بھرپور صلاحیت موجود ہے،ہر سیکٹرمیں بہتری اوراصلاحات میری ترجیحات میں شامل ہیں،ہر عوامی مسئلہ اورمعاملہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کوشاں ہوں،اصلاحات کے ثمرات سے لوگ جلد مستفید ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سروس ڈلیوری اورگڈ گورننس کیلئے پہلی مرتبہ افسروں کی گریڈنگ کا سسٹم رائج کیا جارہا ہے،یو این کے اداروں کے اشتراک سے ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف بھی پورا کریں گے،رکاوٹوں کے باوجود وزیراعلی بننا اعزاز سمجھتی ہوں،محروم معیشت اورغریب افراد کو دیکھ کر مالی طورپر مضبوط کرنے کاسوچتی رہتی ہوں۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی ہر خاتون کو مالی طور پر خود مختار اورخوشحال دیکھنا چاہتی ہوں،اقوام متحدہ کے پراجیکٹ اورہماری ترجیحات کا مشترکہ محور عوام کی خدمت ہے، پنجاب میں ٹیکس فری گارمنٹس سٹی بنا رہے ہیں جہاں خواتین کو6ماہ مفت ٹریننگ اورسکالرشپ بھی دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہر میں پہلی بار ویسٹ مینجمنٹ کا بہترین نظام لارہے ہیں، محمدنوازشریف آئی ٹی سی کو پاکستان کی سیلی کان ویلی بنائیں گے،تمام اضلاع میں مکمل ہیلتھ سہولتوں کی فراہمی کا نظام وضع کررہے ہیں،پاکستان میں پہلی مرتبہ ایئر ایمبولینس سروس کاآغاز پنجاب سے ہوگا،لاہور میں پہلا پبلک سیکٹرکینسر ہسپتال بنا رہے ہیں،2500بنیادی مراکز صحت،300دیہی مراکز صحت اوربڑے ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہلک امراض میں مبتلا شہریوں کو دو ماہ کیلئے مفت دوائیں گھر کی دہلیز پر پہنچائی جارہی ہیں،بچوں کی نیوٹریشن کیلئے سکولوں میں فری میل دیا جارہا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ چھوٹے کسانوں کو بلا سود قرضے اورمشینری بھی دیں گے،لائیوسٹاک کے فروغ کیلئے دیہات میں فارمز کی معاونت بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صنفی تفاوت کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں،خواتین کیلئے پہلا ورچوئل پولیس سٹیشن قائم کردیا ہے،لاہور ہی نہیں پنجاب کے ہر شہر کی ترقی میری ترجیحات میں شامل ہے۔ سربراہ یواین ٹیم محمد یحیی نے کہا کہ لاہور دیکھنے کا اشتیاق تھا،پنجاب کے لوگ متاثر کن ہیں ،عوام کی خدمت کے مشن میں حکومت پنجاب کی بھر پور معاونت کریں گے۔ نمائندہ یو این ڈی پی سمیوئیل نے کہا کہ پاکستان بالخصوص پنجاب کے فلاحی پراجیکٹ قابل تحسین ہے۔