اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کا دائرہ کار بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو شہری سہولیات کی فراہمی میں آسانی کے حوالے سے پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کی طرز پر آپریشنز کا آغاز کرنے کی ضرورت ہے ۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان سنگل ونڈو کمپنی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ اور
دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔وزیراعظم نے کہا کہ کاروبار میں آسانی کے حوالے سے پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کا موجود ہونا خوش آئند ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کا دائرہ کار بڑھایا جائے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو شہری سہولیات کی فراہمی میں آسانی کے حوالے سے پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کی طرز پر آپریشنز کا آغاز کرنے کی ضرورت ہے ، چین کا سنگل ونڈو کا نظام ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔اجلاس کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان سنگل ونڈو کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان سنگل ونڈو کے ذریعے ملک کی 65 فیصد تجارت مستفید ہو رہی ہے ، 11حکومتی ادارے اور 29 بینکس پاکستان سنگل ونڈو کے ساتھ منسلک ہیں ، پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کی اقوام متحدہ کے ڈیجیٹل اور سسٹین ایبل ٹریڈ فیسیلیٹیشن سروے 2022 گلوبل سروے میں درجہ بندی خطے کے ممالک میں بہترین رہی ۔