اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )آرامکو نے گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ (گو، GO)میں 40 فیصد حصص کا حصول مکمل کرکے اپنی عالمی ریٹیل توسیع میں مزید پیش رفت کی ہے۔ آرامکو جو کہ دنیا کی سر فہرست توانائی اور کیمیکل کمپنیوں میں سے ایک ہے ، کمپنی کی پاکستان میں پہلی سرمایہ کاری ہے جو ابھرتی ہوئی معاشی مارکیٹوں میں آرامکو کی بڑھتی ہوئی موجودگی کا اشارہ دیتی ہے۔آرامکو نے گیس اینڈ آئل لمیٹڈ (گو) جو 1,200 سے زیادہ ریٹیل فیول نیٹ ورک کے ساتھ پاکستان کی ایک سرفہرست ڈاؤن اسٹریم فیول، لبریکنٹس اورکنوینیس اسٹور کمپنی ہےکے 40 فیصد حصص کے حصول کا اعلان دسمبر 2023 میں کیا تھا۔رواں سال مارچ میں آرامکو نے چلی جنوبی امریکہ میں ایک معروف ڈاؤن اسٹریم فیول اور لبریکنٹس ریٹیلر ایس میکس ڈسٹریبیوشن (Esmax) ایس پی اے میں100 فیصدحصص کی سرمایہ کاری بھی مکمل کی تھی۔آرامکو پروڈکٹس اور سروسز کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ یاسر مفتی کے مطابق ہماری عالمی ریٹیل توسیع میں تیزی آرہی ہے اور یہ سرمایہ کاری ہمارے سفر کا ایک اہم اقدام ہے۔گیس اینڈ آئل لمیٹڈ کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کے ذریعے ہم پاکستان میں صارفین کو آرامکو کی اعلی معیار کی مصنوعات اور خدمات فراہم کرنے کے خواہشمند ہیں۔ ہم آرامکو کے عالمی شراکت داروں کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک میں ایک اور اعلی صلاحیت کی حامل کمپنی کا خیر مقدم کرتے ہیں اور نئے مواقع کے حصول اور آرامکو برانڈ کو بیرون ممالک میں مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنے وسائل اور مہارت کو یکجا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔