اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):ترجمان چینی وزارت خارجہ نے پاکستان چین دوستی کو ماؤنٹ تائی سے تشبیہ دیتے ہوئے اسے انتہائی مضبوط اور مستحکم قرار دیا ہے۔ جمعہ کو چینی دفتر خارجہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ چین سے متعلق اہم بیان جاری کیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان کے مطابق اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف چینی وزیر اعظم لی کیانگ کی دعوت پر 4 سے 8 جون 2024 تک عوامی جمہوریہ چین کا دورہ کریں گے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے پاکستان چین دوستی کو ماؤنٹ تائی سے تشبیہ دیتے ہوئے اسے انتہائی مضبوط اور مستحکم قرار دیا، ماؤنٹ تائی چین کے پانچ مقدس پہاڑوں میں سے ایک ہے اور اسے چین کے مذہب میں ایک کلیدی اہمیت حاصل ہے، ماؤنٹ تائی چین کے صوبہ شانڈونگ کا سب سے اونچا مقام ہے۔چینی دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان میں موجودہ حکومت کے قیام کے بعد وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا یہ پہلا دورہ چین ہو گا۔ وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی کیانگ اور نیشنل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لیجی ان سے ملاقات کریں گے۔ دونوں ممالک کے رہنما چین پاکستان تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہء خیال کریں گے اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر لائحہ عمل تیار کریں گے۔وزیر اعظم بیجنگ کے علاوہ چینی صوبوں گوانگ ڈونگ اور شانزی کا بھی دورہ کریں گے۔چینی دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی طویل مدتی سٹرٹیجک تعاون پر مبنی ہے ، دونوں ممالک اہم شراکت دار اور مضبوط دوست ہیں۔ چینی دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ہماری دوستی وقت کی کسوٹی پر کھڑی رہی ہے اور “ماؤنٹ تائی کی طرح مستحکم” ہے ۔ماؤنٹ تائی ایک تاریخی اور ثقافتی اہمیت کا پہاڑ ہے جو تائیان شہر کے شمال میں واقع ہے، یہ چین کے صوبہ شانڈونگ کا سب سے اونچا مقام ہے، یہ پہاڑ چین کے پانچ مقدس پہاڑوں میں سے ایک ہے اور اسے چین کے مذہب میں ایک کلیدی اہمیت حاصل ہے، تاریخی ریکارڈ کے مطابق ماؤنٹ تائی 1000 قبل مسیح سے پہلے چاؤ خاندان کے دور حکومت کے دوران ایک مقدس مقام کی حیثیت اختیار کر گیا۔