اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):پاکستان کا دوسرا کمیونیکیشن سیٹلائٹ ”پاک سیٹ ایم ایم ون“خلا میں روانہ کر دیا گیا۔پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے مطابق پاکستان کا دوسرا کمیونیکیشن سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون جمعرات کو خلا میں بھیجا گیا۔ پاکستان ملٹی مشن سیٹلائٹ ”پاک سیٹ ایم ایم ون“سپارکو اور چائنا گریٹ وال انڈسٹری نے باہمی اشتراک سے تیار کیا ہے،یہ یک جیو سٹیشنری سیٹلائٹ ہے جو جدید مواصلاتی ٹیکنالوجی اور آلات سے لیس ہے اور یہ ملک کی موا صلاتی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ سیٹلائٹ چین کے شی چانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا گیا، سیٹلائٹ سے پاکستان کے طول و عرض میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جا سکے گی۔سپارکو کے مطابق یہ جدید مواصلاتی ٹیکنالوجیز پر مبنی جیو سٹیشنری سیٹلائٹ ہے جو ملک کی سیٹلائٹ پر مبنی کمیونیکیشن سروسز میں بہت اضافہ کرے گا اور تجارتی اور سرکاری صارفین کی ضروریات کو پورا کرے گا۔ ”پاک سیٹ ایم ایم ون“ پاکستان میں سیٹلائٹ کمیونیکیشن کے مستقبل کو نئی شکل دے گا۔ یہ ملک کے باقی حصوں سے غیر منسلک لوگوں کو جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور ملک میں اعلیٰ رسائی کے ساتھ سستی بینڈ وڈتھ کو یقینی بنائے گا۔”پاک سیٹ ایم ایم ون“میں پاک ایس بی اے ایس پے لوڈ بھی ہوگا جو انٹیگریٹی پر مبنی پوزیشننگ، نیویگیشن اور ٹائمنگ (پی این ٹی) سروسز فراہم کرے گا جس سے پاکستان دنیا کا 11 واں ملک بن جائے گا جو امریکہ، روس، چین، جاپان، یورپ، بھارت، جنوبی کوریا، آسٹریلیا، نائجیریا اور الجیریا کے بعد اپنا ایس بی اے ایس شروع کرے گا۔ ”پاک سیٹ ایم ایم ون“ خلائی سائنس، خلائی ٹیکنالوجی اور اس کے استعمال میں خود انحصاری کے حصول کے لیے حکومت کے عزم کا مظہر ہے اور یہ پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے درمیان دیرینہ اور غیر متزلزل دوستی کا بھی ثبوت ہے۔سپارکو حکومت پاکستان کے ساتھ اس بات پر قائم ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان خلائی سائنس کے شعبے میں یہ دوطرفہ تعاون دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے نئی اور باہمی طور پر فائدہ مند راہیں کھولے گا۔ اس تاریخی دن پر اپنے پیغام میں سپارکو کے چیئرمین محمد یوسف خان نے حکومت پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے بے مثال تعاون اور معاونت پر اظہار تشکر کیا۔انہوں نے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر دونوں ممالک کے انجینئرز کی ٹیم کی انتھک کوششوں کو سراہا۔ سپارکو کے چیئرمین نے کہا کہ سپارکو پاکستان کی قومی خلائی ایجنسی ہونے کے ناطے خلائی علوم میں ترقی کے ذریعے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔