کراچی(نمائندہ خصوصی) قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی)کی گورننگ باڈی کی اراکین، ایم پی اے سعدیہ جاوید اوایم پی اے رخسانہ پروین نے این آئی سی وی ڈی کا جامع دورہ کیا۔این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر نے گورننگ باڈی کی اراکین کو ادارے کی مفت خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ کے بعد محترمہ سعدیہ جاوید اور محترمہ رخسانہ پروین نے اسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا، جس دوران وہ جدید ٹیکنالوجی اور طبّی عملے کی کارکردگی سے بہت متاثر ہوئیں۔اراکین نے این آئی سی وی ڈی کی جانب سے ہر سال لاکھوں مریضوں کو جدید و مہنگا دل کا علاج بالکل مفت فراہم کرنے کو بے حد سراہا۔اس موقع پر محترمہ سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ اعلیٰ معیار کی مفت طبّی قلبی نگہداشت فراہم کرنے پر این آئی سی وی ڈی کا عزم قابلِ ستائش ہے، ہمیں ایسے قابل ذکر ادارے سے وابستہ ہونے پر فخر ہے۔محترمہ رخسانہ پروین کا کہنا تھا کہ ادارے کے جاری منصوبے اور عملے کی لگن واقعی متاثر کن ہیں۔ این آئی سی وی ڈی دل کی صحت کے شعبے میں دن رات اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے، جس کی بدولت لاکھوں مریض مستفید ہو رہے ہیں۔