اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر مواصلات،سرمایہ کاری ونجکاری عبدالعلیم خان نے دوشنبے میں وزیر اعظم قاہر رسول زادہ سے ملاقات کی اور اُن سے دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور اہم امور پر گفتگو ہوئی۔ بدھ کو یہاں موصولہ بیان کے مطابق تاجکستان کے وزیر اعظم نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس امرکا اعادہ کیا کہ پاکستان کے لئے دو طرفہ تعاون کے سلسلہ میں تاجکستان کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔اپنی گفتگو میں عبدالعلیم خان نے تاجکستان کے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک تاریخی طور پر مذہبی و ثقافتی تعلقات میں بندھے ہوئے ہیں اور مستقبل میں دو طرفہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ سے یہ تعلق مزید مضبوط ہو سکتا ہے۔قبل ازیں دوشنبہ میں منعقدہ عالمی کانفرنس “روڈ ٹو ٹین شین”سے کی نوٹ خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات،سرمایہ کاری و نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان خطے میں ہر طرح کی معاشی و اقتصادی سرگرمیوں میں تعاون کا خواہاں ہے جس کے لئے تجارتی راہداریوں کو عالمی معیار پر
لانے اور دیگر ممالک سے منسلک کرنے کے لئے کام ہو رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بالخصوص سینٹرل ایشیا کے ممالک کے لئے” سلک روٹ کوریڈور”کی ڈیجیٹلائزیشن کر رہے ہیں جبکہ زیر تعمیر شاہرات پر بھی سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے “رائٹ ٹو مانیٹر”کے نفاذ کو یقینی بنا رہے ہیں۔عبدالعلیم خان کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ آج امپورٹ اور ایکسپورٹ کا زمانہ ہے، بین الملکی تجارت ہی ترقی کی ضامن ہے جس کے لئے معیاری اور کشادہ شاہرات بنائیں گے جبکہ سینٹرل ایشیا کے ممالک کے لئے کراچی اور پورٹ قاسم کی طرح گہرے سمندر کی بندرگاہ گوادر بھی دستیاب ہوگی۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے وسط ایشیائی ریاستوں کو پاکستان کی طرف سے ہر طرح کی معاونت کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اس عالمی کانفرنس کے ذریعے مختلف ممالک کے مابین ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے دوشنبے میں تاجکستان کے علاوہ کرغزستان، ازبکستان اور قازقستان کے وزراء صاحبان سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں و اجلاس منعقد کیے جس میں پاکستان اور وسط ایشیائی ممالک کے مابین بزنس ٹو بزنس اور گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ کی سرگرمیوں کے فروغ پر اتفاق ہوا۔اسی طرح پاکستان سے ان ممالک تک چین، افغانستان اور متبادل راستوں سے تجارتی راہداریوں کی تعمیر زیر غور آئی۔ تاجکستان کے وزیر برائے مادی ذخائر احمد زادہ نور مہمد نے بھی وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے ملاقات کی جس میں پاکستان سے چینی، آلو، ٹیکسٹائل اور لائیو سٹاک سمیت مختلف اشیائے خوردونوش کی برآمد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عبدالعلیم خان سے ملاقات کرنے والوں میں کرغزستان کے وزیر ٹرانسپورٹ تلک تکی باوے، ازبکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ ماخکامووالہام،قازقستان کے ڈپٹی ٹرانسپورٹ منسٹر مقسط کے۔ کالیک پارواور تاجکستا ن کے وزیر ٹرانسپورٹ و میزبان عظیم ابراہیم شامل تھے۔عبدالعلیم خان نے اس کانفرنس کے انعقاد کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے وزراء صاحبان کا شکریہ ادا کیا جبکہ ایک دوسرے سے تحائف کا تبادلہ بھی ہوا۔